سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے زرعی شعبے میں ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے لیے آج دفتر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ڈسکہ میں زرعی آفیسران میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) گوجرانوالہ ڈویژن ڈاکٹر شکیل احمد تھے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) سیالکوٹ سجاد حیدر اور محکمہ زراعت کے افیسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔تقریب کے دوران زرعی افسران میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔ یہ اقدام محکمہ زراعت میں ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے جس سے فیلڈ سرگرمیوں کی نگرانی، کسانوں کو بروقت راہنمائی سمیت زرعی معلومات کی ڈیجیٹل مینجمنٹ اور سرکاری امور کی انجام دہی میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ ممکن ہو سکے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت (توسیع) گوجرانوالہ ڈویژن ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا کہ حکومت پنجاب زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ محکمہ زراعت کی ڈیجیٹلائزیشن اسی وژن کا اہم حصہ ہے جس کے ذریعے زرعی خدمات کی فراہمی میں شفافیت رفتار اور معیار کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے آفیسران پر زور دیا کہ وہ لیپ ٹاپس کا بھرپور اور ذمہ دارانہ استعمال کرتے ہوئے کسانوں کو بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں۔

