پشاور(رپورٹ:انورزیب خان )
خیبرپختونخوا حکومت نے بہتر طرزِ حکمرانی، عوامی خدمات کے معیار میں بہتری اور سرکاری اداروں میں جوابدہی کے فروغ کے لیے پرفارمنس فریم ورک کا آغاز کر دیا۔ پہلے مرحلے میں محکمہ صحت، انسدادِ پولیو پروگرام اور توسیعی حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام () کے ساتھ کارکردگی معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔معاہدوں کے تحت صوبے بھر کے بنیادی و دیہی مراکز صحت میں 500 نئے ڈاکٹرز تعینات کیے جائیں گے، 250 مراکز میں چوبیس گھنٹے زچگی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، زچہ و بچہ مراکز کی اپ گریڈیشن کی جائے گی، جبکہ 62 ضلعی سطح کے ہسپتال پیشہ ور اداروں کے سپرد کیے جائیں گے تاکہ طبی خدمات کا معیار مزید بہتر بنایا جا سکے۔پولیو کے خاتمے کے لیے جنوبی اضلاع میں مزید 150 ڈاکٹرز تعینات کیے جائیں گے، رہ جانے والے بچوں کی تعداد میں نمایاں کمی، ماحولیاتی نمونوں کو پولیو وائرس سے پاک بنانے، 97 فیصد سے زائد ویکسینیشن مراکز فعال رکھنے اور بچوں کی مکمل حفاظتی ٹیکہ جات کی شرح 85 فیصد تک بڑھانے کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت خلیق الرحمن اور چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے کہا کہ وزیراعلی محمد سہیل آفریدی کی ہدایت پر صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ پرفارمنس فریم ورک کے ذریعے نتائج پر مبنی نظام، موثر نگرانی، جوابدہی اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

