سیول: ٹیکنالوجی کی دنیا میں سام سنگ کے فولڈ ایبل فونز کا انتظار کرنے والوں کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ جنوبی کوریا کی معروف کمپنی سام سنگ اپنے جدید ترین فولڈ ایبل اسمارٹ فون ’گلیکسی زی فولڈ 8 الٹرا‘ کو رواں ماہ، یعنی 22 جولائی کو متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔
ٹیکنالوجی کے حلقوں میں جاری چہ مگوئیوں کے مطابق، اگرچہ اس ماڈل کو ’الٹرا‘ کا نام دیا گیا ہے، لیکن درحقیقت یہ گزشتہ برس پیش کیے گئے ’زی فولڈ 7‘ کا اپ گریڈ شدہ ورژن ہے۔
سام سنگ نے اس بار سکرین کے معیار پر خصوصی توجہ دی ہے۔ فون کی اندرونی ڈسپلے کی ریزولوشن کو پہلے سے کہیں زیادہ بڑھایا گیا ہے، جس سے صارفین کو تصاویر اور ویڈیوز دیکھنے کا ایک نیا تجربہ ملے گا۔ سب سے اہم پیش رفت فولڈ ایبل سکرین پر موجود اس لکیر یا ’کریز‘ کو ختم کرنا ہے، جس کی شکایت صارفین طویل عرصے سے کر رہے تھے۔
بیٹری اور چارجنگ میں بڑی بہتری: نئے ماڈل میں 5000 ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری نصب کی گئی ہے، جو پرانے ماڈل (4400 ایم اے ایچ) کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ صلاحیت رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ، 45 واٹ کی فاسٹ چارجنگ کی سہولت اسے مارکیٹ کے دیگر فونز کے مقابلے میں برتری فراہم کرے گی۔
سام سنگ نے اتنی بڑی بیٹری کے باوجود فون کو پتلا اور ہلکا رکھنے کا کمال دکھایا ہے۔ فولڈ کھلنے کی حالت میں اس کی موٹائی محض 4.1 ملی میٹر ہو گی، جبکہ اس کا وزن 215 گرام تک برقرار رکھا گیا ہے۔
فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے الٹرا وائیڈ کیمرے کو 12 سے بڑھا کر 50 میگا پکسل کر دیا گیا ہے۔ فون میں 200 میگا پکسل کا مرکزی کیمرہ اور 10 میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو لینس بھی موجود ہوگا۔
ایس پین کی واپسی: پروڈکٹیوٹی کے حوالے سے سب سے خوش آئند بات ’ایس پین‘ (S-Pen) سپورٹ کی واپسی ہے۔ پروفیشنل صارفین کے لیے یہ فیچر اس فون کو ایک چھوٹے ٹیبلیٹ کی طرح استعمال کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
نیا فون کلاسک کالے، سفید اور پرپل رنگوں میں مارکیٹ میں آئے گا، جبکہ نیلے رنگ کا خصوصی ایڈیشن صرف آن لائن خریداروں کے لیے مختص ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ فرنٹ کیمرے کے سائز کو بھی چھوٹا کیا گیا ہے تاکہ سکرین پر ویڈیو دیکھتے ہوئے یہ رکاوٹ نہ بنے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ فولڈ ایبل اسمارٹ فونز کے بڑھتے ہوئے عالمی مقابلے میں سام سنگ کا یہ قدم کمپنی کی مارکیٹ پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سام سنگ کا نیا معرکہ؛ ’گلیکسی زی فولڈ 8 الٹرا‘ کی بڑی خصوصیات منظرعام پرآگئیں


