اسلام آباد :پراپرٹی کی خرید و فروخت پر عائد ایڈوانس ٹیکس میں کمی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے یکم جولائی سے پراپرٹی خریدنے اور فروخت کرنے والے پر ایڈوانس ٹیکس میں کمی کرکے نئی شرح نافذ کرنے کی منظوری دے دی، فنانس بل کی منظوری کے بعد یکم جولائی سے شروع ہوئے نئے مالی سال کے آغاز سے ملک بھر میں پراپرٹی کی خرید و فروخت پر نئی شرح سے ٹیکس وصولی ہوگی۔
حکومت کی جانب سے فنانس بل میں غیر منقولہ جائیداد (پراپرٹی) کے لین دین پر ٹیکس کی نئی شرحیں نافذ کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے نئے قانون کے تحت یکم جولائی سے جائیداد فروخت کرنے والے شخص سے مجموعی رقم کا 2.75 فیصد ایڈوانس ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ دوسری جانب جائیداد خریدنے والے شخص پر بھی پراپرٹی کی فیئر مارکیٹ ویلیو کا 1.25 فیصد ایڈوانس ٹیکس لاگو ہوگا، جس سے پراپرٹی سیکٹر میں کاروباری لاگت بڑھنے کا امکان ہے۔

