نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
نواب شاہ میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں کے خلاف شہری تاجر اتحاد نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پریس کانفرنس کی۔شہری تاجر اتحاد کے رہنماؤں جان محمد پٹھان ایڈووکیٹ، دیدار حسین رند اور ضیاء الحق مصطفائی نے کہا کہ گزشتہ روز تاجر زیارت گل خان اور ان کے بھائی کو قائد عوام یونیورسٹی کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر لوٹ لیا، ڈاکو 125 موٹر سائیکل، 70 ہزار روپے نقدی اور قیمتی موبائل فونز چھین کر فرار ہوگئے۔رہنماؤں کے مطابق اطلاع دینے کے باوجود قریب موجود پولیس موبائل نے حدود کا جواز بنا کر کارروائی سے گریز کیا، جس کی شکایت اعلیٰ حکام کو بھی کی گئی ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ نواب شاہ میں تاجروں اور شہریوں کے ساتھ لوٹ مار معمول بنتی جا رہی ہے، جس سے امن و امان کی صورتحال متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر شہری تاجر اتحاد احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوگا۔

