لاہور سے اسد مرزا کی رپورٹ نادرا دفتر میں پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کرنے کے لیے مبینہ طور پر جعلی رشتہ داری کا سہارا لینے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ذرائع کے مطابق افغانی شہری نعمت امان اللہ نے پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے کے لیے مختلف خواتین سے رابطہ کیا، تاہم رائیونڈ کی رہائشی خالدہ بی بی مبینہ طور پر لاکھوں روپے کے عوض اس کی والدہ بننے پر آمادہ ہو گئی۔ بتایا گیا ہے کہ نعمت امان اللہ نے مبینہ طور پر جعلی دستاویزات تیار کروائے، جن میں جنم پرچی پر خالدہ بی بی کو اپنی والدہ ظاہر کیا گیا۔ بعد ازاں نعمت امان اللہ، کنزہ امان اللہ اور خالدہ بی بی نادرا لاہور پہنچے اور مطلوبہ ریکارڈ جمع کرا دیا۔ ذرائع کے مطابق نادرا حکام کو انٹرویو کے دوران معاملہ مشکوک محسوس ہوا، جس پر سینئر افسران کو آگاہ کیا گیا۔ مزید جانچ پڑتال کے دوران نعمت امان اللہ نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ شناختی کارڈ کے حصول کے لیے 14 لاکھ روپے ادا کیے گئے ہیں۔
نادرا حکام نے فوری طور پر پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کو مطلع کیا، جس کے بعد ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔ جعلی والدہ قرار دی جانے والی خالدہ بی بی کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا، جبکہ نعمت امان اللہ اور دیگر افراد سے مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔