ہالا رپورٹ عامر انڑ
محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور عزاداروں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رضا دھاریجو اور کمشنر حیدرآباد فیاض عباسی نے بھٹ شاہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے درگاہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے احاطے میں قائم کنٹرول روم سمیت مختلف حساس مقامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ، ایس ایس پی مٹیاری عبدالعلیم بلوچ، ٹاؤن چیئرمین سید خاور حسین شاہ لطیفی اور سید یاسر حسین شاہ لطیفی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی مٹیاری عبدالعلیم بلو نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر بھٹ شاہ، ہالا، مٹیاری اور ضلع کے دیگر حساس علاقوں کے لیے جامع اور مؤثر سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 1800 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ 40 سے زائد رینجرز اہلکار بھی پولیس کے ساتھ سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔

