ہالا رپورٹ عامر انڑ
ہالا کے نواحی گاؤں سلطان سہتو میں معمولی بات پر خواتین کے درمیان ہونے والا جھگڑا پرتشدد تصادم میں تبدیل ہو گیا، جس کے نتیجے میں متعدد خواتین ز خمی ہو گئیں۔اطلاعات کے مطابق خواتین کے درمیان تلخ کلامی کے بعد ایک فریق کے مسلح افراد موقع پر پہنچ گئے۔ الزام ہے کہ مسلح افراد مخالف فریق کے گھر میں داخل ہوئے اور وہاں موجود خواتین پر تشدد کیا۔ متاثرہ خاندان کے مطابق حملہ آوروں نے فائرنگ، لاٹھیوں اور اینٹوں کے ذریعے گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا، جس کے باعث کئی افراد زخمی ہو گئے۔زخمی خاتون کے شوہر جاوید سہتو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وسیم احمد سہتو، الہڈنو سہتو اور ان کے ساتھیوں نے ان کے گھر پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ان کی اہلیہ سمیت تین خواتین زخمی ہوئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔دوسری جانب زخمی خواتین کو ابتدائی طبی امداد کے لیے تعلقہ اسپتال ہالا منتقل کیا گیا، تاہم ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اسے مزید علاج کے لیے سول اسپتال حیدرآباد روانہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سرکاری ایمبولینس دستیاب نہ ہونے پر متاثرہ خاتون کو نجی گاڑی کے ذریعے منتقل کرنا پڑا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے، جبکہ پولیس سے واقعے کی تحقیقات اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

