اسلام آباد:ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت، احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات کی مساجد اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جہاں فرزندانِ اسلام نے ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں منعقد ہوا، جہاں ہزاروں افراد نے نمازِ عید ادا کی۔ اسی طرح لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد اور کراچی کی مختلف مساجد میں بھی بڑے اجتماعات دیکھنے میں آئے۔علمائے کرام نے اپنے خطبات میں عید الفطر کی روحانی اہمیت اور فلسفہ بیان کیا، اور امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے دعائیں کیں۔
سیاسی و سماجی شخصیات بھی اپنے آبائی علاقوں میں عید منا رہی ہیں۔ نماز کے بعد لوگ ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارکباد دیتے رہے، جس سے بھائی چارے اور محبت کی فضا قائم ہوئی۔عید کے موقع پر شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ اسلام آباد میں پولیس کے 7 ہزار سے زائد اہلکاروں نے عید اجتماعات کے دوران حفاظتی فرائض انجام دیے۔
گھروں میں مہمانوں کی تواضع کے لیے میٹھی عید کی روایتی ڈشز جیسے شیر خرما، کھیر، مٹھائیاں اور کیک تیار کیے گئے۔ بچے عیدی لینے اور خرچ کرنے میں خاصے مصروف ہیں ، جس سے عید کی خوشیاں دوبالا ہو گئیں۔

