ویب ڈیسک:
آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 2026ء کے دسویں میچ میں نیدرلینڈز کی خواتین کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ عجمان کے سیون ڈسٹرکٹس گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیدرلینڈز نے 127 رنز کا ہدف باآسانی 14.5 اوورز میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
میچ کا ٹاس نیدرلینڈز کی کپتان نے جیتا اور پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے گل فیروزہ 23 اور منیبہ علی 22 رنز بنا کر نمایاں رہیں، جبکہ صدف شمس نے 17، ایمن فاطمہ نے 14 اور طوبیٰ حسن نے ناٹ آؤٹ 14 رنز اسکور کیے۔ شوال ذوالفقار اور وحیدہ اختر 10، 10 رنز بنا سکیں۔ نیدرلینڈز کی جانب سے فریڈریک اووردیک نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آئرس زویلانگ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی بلے بازوں نے جارحانہ آغاز کیا اور پاکستانی باؤلرز کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ نیدرلینڈز کی جانب سے حیدر سیگرس نے 27 گیندوں پر 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 39 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان ببیت ڈی لیڈے نے بھی 23 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے۔ سٹیئر کالس نے 33 رنز کا حصہ ڈالا۔
پاکستان کی طرف سے واحد کامیاب باؤلر طوبیٰ حسن رہیں جنہوں نے 3 اوورز میں 14 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، تاہم دیگر باؤلرز کوئی وکٹ نہ لے سکیں۔ آل راؤنڈ کارکردگی پر نیدرلینڈز کی حیدر سیگرس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

