سیالکوٹ( بیورو رپورٹ۔سلیم احمد اعوان شیخو)
امام مسجد 14 سالہ بچے کیساتھ مسجد میں بداخلاقی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔بتایا گیا ہے کہ سیالکوٹ کے علاقہ تھانہ موترہ کی حدود ڈسکہ سیالکوٹ روڈ آڈھا سٹاپ پر جامع مسجد رضائے مصطفی مسجد کے امام عبد الرحمن نے گزشتہ روز نماز فجر کے بعد قرآن مجید پڑھنے کے لیے آنے والے 14 سالہ بچے کے ساتھ مسجد میں ہی مبینہ طور پر بداخلاقی کی قبیح حرکت کی۔ جب اس گھنانے واقعہ کی اطلاع اہلِ علاقہ کو ملی تو اہل علاقہ نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امام مسجد عبدالرحمن کو قابو کرلیا۔ عینی شاہدین کے مطابق موقع پر موجود لوگوں کے استفسار اور سخت عوامی دبا کے سامنے ملزم امام مسجد عبدالرحمن نے اپنی اس شرمناک غلطی اور جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ اس المناک واقعے کے بعد پورے علاقے میں شدید اشتعال اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ امام مسجد کو پکڑ کر تھانہ موترہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ اہلِ علاقہ اور بچے کے والدین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد ڈی ایس پی ڈسکہ سرکل اور دیگر اعلی حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ درندہ صفت امام مسجد کے خلاف فوری طور پر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے شرمناک واقعات کا سدباب ہو سکے۔


