نئی دہلی:
بھارت کے مرکزی وزیر برائے ثقافت و سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت نے نئی دہلی میں منعقد ہونے والے پہلے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) تہذیبی مکالمہ فورم سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مشترکہ تاریخ اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اور سفارتی اختلافات کے باوجود ثقافتی مکالمہ اور عوامی روابط باہمی اعتماد کی بحالی اور دیرپا تعلقات کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔
بھارت کی میزبانی میں پہلا تین روزہ ایس سی او تہذیبی مکالمہ فورم 20 سے 22 نومبر 2026 تک نئی دہلی کے تاریخی پرانا قلعہ میں منعقد ہو رہا ہے، جس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے۔
بھارت کی جانب سے اس فورم میں شرکت کے لیے پاکستان کے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی کو باضابطہ دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔ گجیندر سنگھ شیخاوت نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اس اہم تقریب میں ضرور شرکت کرے گا۔
پاکستانی شرکت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بھارتی وزیر ثقافت کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تہذیب اور ثقافتی ارتقا بھارت کے تاریخی سفر سے الگ نہیں ہے، بلکہ دونوں ممالک صدیوں پر محیط مشترکہ تہذیبی و ثقافتی ورثے کے امین ہیں۔
اس فورم میں شرکت کے لیے بھارت کی طرف سے مجموعی طور پر 25 ممالک کو مدعو کیا گیا ہے۔ اب تک چین، ایران، قازقستان، تاجکستان، ازبکستان، سعودی عرب اور ترکیہ سمیت 15 ممالک نے اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے، جبکہ پاکستان کی جانب سے تاحال حتمی جواب کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

