ممبئی :بھارتی ارب پتی کاروباری شخصیت دیپندر گوئل کی جانب سے تیار کی جانے والی جدید ویئر ایبل ڈیوائس ’’ٹیمپل‘‘ (Temple) سائنسی اور طبی ماہرین کی شدید تنقید کی زد میں آ گئی ہے۔
تعدد ڈاکٹروں اور طبی ماہرین نے اس آلے کے ذریعے دماغ میں خون کی روانی جانچنے کے دعوؤں کو مبالغہ آمیز اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ نو سو سات (907) ڈالر مالیت کی یہ چھوٹی سی ڈیوائس سر کے کنپٹی والے حصے پر چپکائی جاتی ہے اور اس کا وزن 2 گرام سے بھی کم ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ‘ٹیمپل’ میں نصب برین فلو فیچر دماغ کو ہونے والی خون کی فراہمی کے بارے میں براہِ راست معلومات فراہم کرتا ہے، تاہم بھارتی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان بڑے دعوؤں کی حمایت میں کوئی مستند سائنسی تحقیق اور طبی شواہد موجود نہیں ہیں۔
بھارت کے معروف ڈاکٹر سائریک فلپس نے اس ڈیوائس کو صحت کے شعبے سے جڑا “سب سے بڑا فراڈ” قرار دیا ہے، جبکہ ڈاکٹر سنجیو باگائی سمیت دیگر ماہرین نے بھی اس کی افادیت اور سائنسی بنیادوں پر شدید سوالات اٹھائے ہیں۔ دوسری جانب کمپنی کے مطابق اس ڈیوائس کو یکم نومبر سے اب تک 62 سے زائد ممالک سے آرڈرز موصول ہو چکے ہیں، جبکہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل اور اولمپک میڈلسٹ بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو جیسی نامور شخصیات بھی اسے استعمال کر چکی ہیں۔
907 ڈالر کی ’جادوئی ٹِکلی‘ یا صدی کا سب سے بڑا طبی فراڈ؟بھارتی ارب پتی کی ڈیوائس ’ٹیمپل‘ پر سنگین سوالات

