سیالکوٹ (بیورو رپورٹ: سلیم احمد اعوان شیخو)
سیالکوٹ پولیس نے خیبر پختونخوا میں قتل کے مقدمات میں مطلوب تین اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرکے خیبر پختونخوا پولیس کے حوالے کر دیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی ہدایت پر تھانہ اگوکی کے قائم مقام ایس ایچ او سب انسپکٹر حسنین منیر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے قلیل وقت میں تینوں اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے اور وہ 2022ء اور 2025ء میں تھانہ مچنی گیٹ پشاور کی حدود میں تین افراد کے قتل کے دو مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان وارداتوں کے بعد سے اپنی شناخت تبدیل کر کے تھانہ اگوکی کے علاقے میں روپوش تھے۔ سیالکوٹ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد قانونی کارروائی مکمل کر کے پشاور سے آئی ہوئی خیبر پختونخوا پولیس کی ٹیم کے سپرد کر دیا تاکہ مقتولین کے ورثاء کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔اس کامیاب اور فوری تعاون پر خیبر پختونخوا پولیس کی ٹیم نے سیالکوٹ پولیس کا شکریہ ادا کیا اور پنجاب پولیس کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔


