دیر بالا (سدیس شیخ ڈسٹرکٹ رپورٹر):
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواز (PSP) کی زیر صدارت ڈی پی او آفس دیر بالا میں ایک اہم کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں امن کمیٹی کے مشران اور علاقہ عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران موجودہ سیکیورٹی صورتحال، امن و امان کے قیام، منشیات کے مکمل خاتمے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مقامی سطح پر درپیش دیگر عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء اور امن کمیٹی کے مشران نے اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز پیش کیں، جنہیں ڈی پی او دیر بالا نے انتہائی غور سے سنا اور ان کے فوری و مؤثر حل کے لیے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ضروری اور سخت ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام، منشیات کے ناسور کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور عوام کے درمیان قریبی اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔امن کمیٹی کے مشران نے ضضلع میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے، سماجی برائیوں اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور بھرپور تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی۔



