سکھر (رپورٹ/ عبد الرحمان راجپوت) — ڈپٹی کمشنر سکھر کے احکامات کی روشنی میں شہر بھر میں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے اور سرکاری اراضی کو واگزار کرانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ائیرپورٹ روڈ اور سندھی سوسائٹی میں لاکڑا ہوٹل کے اطراف کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا اور موقع سے غیر قانونی طور پر رکھا گیا سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا۔انتظامیہ کے مطابق اس آپریشن کا بنیادی مقصد سرکاری اراضی کو واگزار کرانا، سڑکوں اور عوامی گزرگاہوں کو آمدورفت کے لیے مکمل طور پر کھلا رکھنا اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنا ہے۔ شہر کے مختلف حصوں میں تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کی روانی اور پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے، جن کے تدارک کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے واضح الفاظ میں تنبیہ کی کہ سرکاری زمین پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس قبیح فعل میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افراد کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ سرکاری راستوں اور جگہوں پر قبضہ کرنے یا رکاوٹیں کھڑی کرنے سے گریز کریں۔عوامی و شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ائیرپورٹ روڈ اور سندھی سوسائٹی سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات کے خلاف اس طرح کی بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ دوبارہ قبضے قائم نہ ہوں اور شہر کا نظم و ضبط بہتر رہ سکے۔
سکھر: ائیرپورٹ روڈ اور سندھی سوسائٹی میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن، غیر قانونی قبضے ختم

