سیالکوٹ (بیورو رپورٹ: سلیم احمد اعوان شیخو)
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع سیالکوٹ میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ’’مفت میت ایمبولینس سروس‘‘ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس اہم فلاحی منصوبے کا افتتاح ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد اویس مشتاق نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال میں کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر نوید اقبال اور سماجی رہنما اشفاق نذر بھی خصوصی طور پر موجود تھے۔افتتاحی تقریب کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں یہ مفت میت ایمبولینس سروس گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال اور گورنمنٹ سردار بیگم ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ میں فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ اگلے مرحلے میں اس سہولت کا دائرہ کار تحصیل ڈسکہ، سمبڑیال اور پسرور تک بڑھایا جائے گا۔ شہری گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال میں قائم ریسکیو 1122 کے ڈیسک سے رابطہ کر کے اس سروس سے استفادہ کر سکیں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اویس مشتاق نے کہا کہ مفت میت ایمبولینس سروس وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انسان دوست وژن کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس سہولت کا بنیادی مقصد غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنا اور میت کو ہسپتال سے لواحقین کے گھر تک بلا معاوضہ منتقل کرنا ہے تاکہ مشکل ترین وقت میں شہریوں کی بھرپور معاونت ممکن ہو سکے۔ عوام کو بہتر طبی اور فلاحی سہولیات کی فراہمی اور ایسے تمام فلاحی اقدامات پر مؤثر عمل درآمد ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے ایمبولینس سروس کا معائنہ بھی کیا۔


