سانگھڑ (رپورٹ: اشفاق سلہری)
سانگھڑ شوگر ملز کے علاقے سبیل اسٹاپ میں ادھیڑ عمر شخص غلام رسول چانگ کے مبینہ قتل کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقتول کی بہو اور بیٹی کو گرفتار کر کے عدالت سے ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ جھول تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں مقتول کے بیٹے وحید علی چانگ کی مدعیت میں اس کی بیوی اور بہن کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔کراچی کی ایک گارمنٹس فیکٹری میں برسرِ روزگار مدعی وحید علی چانگ کے مطابق، اسے والدہ کی جانب سے والد کے اچانک انتقال کی اطلاع ملی، جس پر وہ فوری طور پر گھر پہنچا۔ لاش کی گردن پر رسی کے نشانات دیکھنے کے بعد اس نے معاملے کی تہہ تک جانے کی کوشش کی۔مدعی کے بیان اور خاندانی ذرائع کے مطابق، مبینہ طور پر گھریلو تنازع کے دوران تانیہ چانگ اور شازیہ چانگ نے رسی سے گلا گھونٹ کر غلام رسول چانگ کو موت کے گھاٹ اتارا۔جھول پولیس نے مقتول کے بیٹے کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 151/2026 کے تحت دفعات 302 اور 34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر کے ابتدائی بیان کے مطابق مقتول کی گردن پر رسی اور جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں۔ پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم تعلقہ اسپتال سنجھورو میں کرانے کے بعد ورثا کے حوالے کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر 5 اکتوبر کو پیش آیا تھا، تاہم واقعے کے اصل محرکات اور تمام پہلوؤں کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گا۔ پولیس کی جانب سے گرفتار خواتین سے مزید تفتیش اور شواہد جمع کرنے کا عمل جاری ہے۔



