قصور، محمد وقاص اشرف
گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین قصور میں کانووکیشن 2026 کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبہ جات کی فارغ التحصیل طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (کالجز) پنجاب ڈاکٹر انصر اظہر تھے، جبکہ راؤ عبد الوحید تابش (ایڈیشنل ڈائریکٹر کالجز) اور محمد شبیر صابر آغا (ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز قصور) نے بطور مہمانانِ اعزاز شرکت کی۔ اس موقع پر گورنمنٹ اسلامیہ کالج کے پرنسپل ملک اصغر علی، گورنمنٹ گرلز کالج کی پرنسپل میڈم فریحہ، ضلع قصور کے مختلف کالجز کے پرنسپلز اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔تقریب کے دوران بی ایس انگلش، اسلامیات، سائیکالوجی، کیمسٹری، فزکس، پولیٹیکل سائنس اور کمپیوٹر سائنس (BSCS) کے پروگرامز کی فارغ التحصیل طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات پروفیسر مرزا افتخار بیگ اور بی ایس پروگرام کے کوآرڈینیٹر پروفیسر سلیم اللہ ثاقب کی تعلیمی امور میں خدمات اور کردار کو بھی سراہا گیا۔
مہمانِ خصوصی ڈاکٹر انصر اظہر نے فارغ التحصیل طالبات کو مبارک باد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے تعلیمی معیار کے فروغ اور تقریب کے کامیاب انعقاد پر کالج انتظامیہ، اساتذہ اور عملے کی کاوشوں کو سراہا۔تقریب کا اختتام فارغ التحصیل طالبات کے لیے نیک تمناؤں اور ان کی آئندہ عملی و تعلیمی زندگی میں کامیابی کی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ کانووکیشن کا کامیاب انعقاد کالج انتظامیہ، اساتذہ اور عملے کی محنت، باہمی تعاون اور تعلیم کے فروغ کے عزم کا عکاس تھا۔




