پسرور – ( رپورٹ: محمد اشفاق بے نقاب نیوز)
ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ پھلورہ پولیس نے ڈکیتی و راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ’’علی رضا عرف جوجو گینگ‘‘ کے تین ارکان کو گرفتار کر لیا۔ایس ایچ او تھانہ پھلورہ سب انسپکٹر اعتزاز بشیر نے اپنی ٹیم (سب انسپکٹر طارق محمود، اے ایس آئی تنویر احمد اور سب انسپکٹر اصغر علی) کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے سرغنہ علی رضا عرف جوجو، حماد عرف مادا اور عبداللہ کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان رات کے وقت شہریوں اور راہگیروں سے اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کرتے تھے۔ملزمان کے قبضے اور ان کی نشاندہی پر مجموعی طور پر 29 لاکھ 90 ہزار روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا، جس میں نقدی، 3 موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور واٹر پمپ شامل ہیں۔ وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ بھی برآمد کرکے اسلحہ کے 2 الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔تفتیش کے دوران ڈکیتی و چوری کے 11 مقدمات ٹریس ہوئے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ برآمد شدہ مالِ مسروقہ اور نقدی قانونی مراحل کی تکمیل کے بعد اصل مالکان کے حوالے کی جا رہی ہے۔ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او پھلورہ اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔


