-
عوامی مسائل کا حل اور ریلیف کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے: کمشنر گوجرانوالہ
-
سیالکوٹ ،پسرور (سلیم احمد اعوان شیخو،محمد اشفاق) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے پسرور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری کے دوران انہوں نے شہریوں کی شکایات براہِ راست سنیں اور مسائل کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر احکامات جاری کیے۔
کھلی کچہری میں محکمہ ریونیو، ستھرا پنجاب، پیرا فورس، محکمہ تعلیم، اکاؤنٹس آفس، میونسپل کمیٹی اور دیگر ضلعی محکموں سے متعلق شہریوں نے درخواستیں اور شکایات پیش کیں، جن میں خواتین اور بزرگ شہری بھی بڑی تعداد میں شامل تھے۔ کمشنر گوجرانوالہ نے مختلف درخواستوں پر ریونیو افسران، گرداوروں اور پٹواریوں کو موقع پر طلب کر کے سماعت کی، جبکہ ضلعی کونسل، میونسپل کمیٹی اور محکمہ تعلیم سمیت دیگر محکموں کے افسران کو بلا کر فوری پیشرفت کی ہدایت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی حکومت پنجاب کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ان کچہریوں کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے افسران کو تاکید کی کہ تمام شکایات پر قانون و ضابطے کے مطابق مقررہ طریقہ کار کے تحت بلا تاخیر کارروائی یقینی بنائی جائے۔
کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز، اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر اور اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر سمیت تمام ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
کمشنر گوجرانوالہ محمد علی کی کھلی کچہری، شہریوں کی شکایات پر موقع پر احکامات جاری

