ممبئی: ممبئی میں پیش آنے والا ایک ہولناک ٹریفک حادثہ محض ایک اتفاق نہیں بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مجرمانہ غفلت کا منہ بولتا ثبوت نکلا ہے۔
ایک بے قابو لگژری بی ایم ڈبلیو (BMW) کار تیز رفتار ڈرائیونگ کے دوران پل کی ریلنگ توڑتے ہوئے سیدھی نیچے ایک تعمیراتی سائیٹ پر جا گری، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین طلبا دردناک موت کا شکار ہو گئے۔
پولیس تحقیقات کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے ڈرائیور اور گاڑی کے مالک چھنے گجر کا خطرناک اور غیر قانونی ڈرائیونگ طویل ریکارڈ سامنے آ گیا، جس نے پورے ملک میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
اس لگژری کار کے خلاف رواں سال مارچ میں بھی تیز رفتاری اور ایک جوڑے کی زندگی خطرے میں ڈالنے پر باضابطہ ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
اگست ہی میں چھنے گجر اور اس کے دوستوں کو ایک پب کے باہر پولیس کے ساتھ شرمناک اور پرتشدد جھگڑے کے الزام میں بھی نامزد کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ گاڑی پر اوور اسپیڈنگ اور ٹریفک سگنلز توڑنے کے لاتعداد چالان واجب الادا تھے، جو کبھی ادا نہیں کیے گئے۔

