سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق کی زیر نگرانی سرکاری محکموں میں خود احتسابی کا عمل جاری ہے، جس کے تحت کرپشن کے الزامات پر پیرا فورس کے دو سارجنٹس کو معطل کر دیا گیا ہے۔
معطل ہونے والے سارجنٹس میں زین عارف چیمہ اور محمد اسد شامل ہیں، جو سمبڑیال میں تعینات تھے۔ سب ڈویژنل آفیسر پیرا فورس سیالکوٹ ناصر ججہ نے دونوں سارجنٹس کی معطلی کے باقاعدہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق بدعنوانی اور فرائض میں غفلت کے مرتکب افسران و اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔ سرکاری اداروں میں شفافیت، میرٹ اور خود احتسابی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی کرپشن اور نااہلی کے الزامات پر پرائس مجسٹریٹس، نائب تحصیلدار، پیرا انفورسمنٹ آفیسر اور دو انفورسمنٹ انسپکٹرز سمیت 11 دیگر اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے۔ معطل سرکاری ملازمین کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

