تحریر : راجہ نورالہی عاطف
جہاں لفظ بے نقاب ہوں۔۔۔ وہیں سے سچ کا آغاز ہوتاہے
پاکستان کی ثقافت میں گھڑ سواری اور نیزہ بازی کو صدیوں سے ایک منفرد مقام حاصل ہے۔ یہ کھیل نہ صرف ہماری روایتی ثقافت، بہادری اور مہارت کی علامت ہیں بلکہ نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور کھیلوں کے میدان کو آباد رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پریم نگر فتح جھنگ میں منعقدہ سالانہ نیزہ بازی کے شاندار مقابلوں میں ضلع خوشاب کے معروف بگھور ٹینٹ پیگنگ کلب آدھی کوٹ کی کامیابی نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ ضلع خوشاب کے کھلاڑی روایتی کھیلوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
سالانہ نیزہ بازی کے ان مقابلوں میں بگھور ٹینٹ پیگنگ کلب آدھی کوٹ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ مقابلے کے اختتام پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کامیاب ٹیم کو ٹرافی پیش کی، جو بگھور گروپ حلقہ پی پی 84 کے کوآرڈینیٹر بیرسٹر ملک گل ایاز خان بگھور نے اپنی ٹیم کے ہمراہ وصول کی۔ ٹرافی کی وصولی کا یہ لمحہ نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ ضلع خوشاب سے تعلق رکھنے والے کھیلوں کے شائقین کے لیے بھی باعثِ مسرت اور قابلِ فخر تھا۔
مقابلوں کے دوران گھوڑ سواری اور نیزہ بازی کے شاندار مظاہروں نے شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔ گھوڑوں کی تیز رفتاری، سواروں کی مہارت، نیزہ تھامنے کا انداز اور مقررہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کے مناظر نے مقابلے کو مزید دلچسپ بنا دیا۔ بگھور ٹینٹ پیگنگ کلب آدھی کوٹ کے کھلاڑیوں نے اپنی محنت، تربیت اور بھرپور تیاری کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کی۔
بگھور ٹینٹ پیگنگ کلب آدھی کوٹ کی یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی اہمیت رکھتی ہے کہ روایتی کھیلوں کے فروغ کے لیے صرف باصلاحیت کھلاڑی ہی کافی نہیں ہوتے بلکہ ان کے پیچھے سرپرستی، مسلسل تربیت اور حوصلہ افزائی کا ایک مضبوط نظام بھی ضروری ہوتا ہے۔ اس حوالے سے بیرسٹر ملک گل ایاز خان بگھور کا کردار نمایاں ہے، جو گھوڑ سواری اور نیزہ بازی کے میدان سے وابستہ ہونے کے ساتھ ساتھ بگھور ٹینٹ پیگنگ کلب آدھی کوٹ کی سرپرستی اور قیادت میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
عوامی، سماجی اور کھیلوں کے حلقوں کی جانب سے بگھور ٹینٹ پیگنگ کلب آدھی کوٹ کی کامیابی کو سراہا گیا اور بیرسٹر ملک گل ایاز خان بگھور سمیت پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی گئی۔ اس کامیابی سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی ہوتی ہے کہ وہ روایتی کھیلوں کو محض ماضی کی یادگار سمجھنے کے بجائے انہیں جدید انداز میں زندہ رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ بیرسٹر ملک گل ایاز خان بگھور، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات و رکن قومی اسمبلی انجینئر ملک گل اصغر خان بگھور کے چھوٹے بھائی ہیں۔ بگھور خاندان کی جانب سے کھیلوں اور بالخصوص گھڑ سواری و نیزہ بازی کے میدان میں دلچسپی اس روایتی کھیل کو ضلع خوشاب میں مزید فروغ دینے کا ذریعہ بن رہی ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ گھڑ سواری، نیزہ بازی اور دیگر روایتی کھیلوں کے لیے باقاعدہ میدان، تربیتی سہولیات اور مقابلوں کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ نوجوان نسل اپنی صلاحیتوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں میں بروئے کار لا سکے۔ پریم نگر فتح جھنگ میں بگھور ٹینٹ پیگنگ کلب آدھی کوٹ کی کامیابی اسی جذبے کی ایک خوبصورت مثال ہے، جس نے ضلع خوشاب کا نام نیزہ بازی کے میدان میں نمایاں کیا اور روایتی کھیلوں کی اہمیت کو ایک مرتبہ پھر اجاگر کیا۔


