راولپنڈی:ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔سکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران اپنے دستوں کی قیادت کرنے والے دو بہادر افسران کیپٹن ابوزر فاروق اور لیفٹیننٹ شیراز بابر نے جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ کیپٹن ابوزر فاروق کی عمر 23 سال اور تعلق ضلع گوجرانوالہ سے تھا، جبکہ لیفٹیننٹ شیراز بابر کی عمر 22 سال اور تعلق ضلع چکوال سے تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں افسران کے ہمراہ 4 اہلکار بھی شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہید اہلکاروں کی قربانیاں ملک کے دفاع اور سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
سکیورٹی فورسز کی ہنگو میں کارروائی، 8 خوارج ہلاک، 2 افسران سمیت 6 اہلکار شہید

