لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی تیاری کر رہی ہے، تاہم ابھی بھی وقت ہے کہ وہ بند گلی میں جانے سے گریز کرے، وفاقی دارالحکومت پر دھاوا بولنے کی کوشش کرنے والوں کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد پر دھاوا بولنے سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، اس بار ایسا نہیں ہونے دیا جائے گا کہ مظاہرین اسلام آباد آئیں اور ملک 10 سے 20 روز تک بند رہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کے زیادہ تر لوگ لانگ مارچ نہیں کرنا چاہتے، ابھی وقت ہے کہ ایسا راستہ اختیار نہ کیا جائے جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو۔ ان کے مطابق اس طرح کے احتجاج سے کوئی مقصد حاصل نہیں ہوگا اور حکومت اس بار مستقل لائحہ عمل اختیار کرے گی۔محسن نقوی نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا کہ اپنا اور اپنے کارکنوں کا نقصان نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سومنات مندر والی بڑھکوں سے حکومت پر کوئی فرق نہیں پڑتا، اگر لانگ مارچ کے لیے اسلام آباد آنے کی کوشش کی گئی تو اس مرتبہ کوئی کمی نہیں چھوڑی جائے گی۔
لاہور؛وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی نیوز کانفرنس pic.twitter.com/gwbxFjMuvQ
— PTV News (@PTVNewsOfficial) September 21, 2026
انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی دھرنے کے لیے اسلام آباد آتی ہے تو اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عمل کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ کے مطابق پی ٹی آئی والوں کو خود معلوم نہیں کہ ان کا مطالبہ کیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے کے حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ اگر ان کا مطالبہ بانی پی ٹی آئی کے چیک اپ کا ہے تو ان کا چیک اپ گزشتہ رات بھی ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے قانون کے مطابق ہر ممکن اقدام کیا جائے گا، تاہم کسی کے کہنے پر چیک اپ نہیں ہوگا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بانی پی ٹی آئی کے چیک اپ سے متعلق ہر تفصیل بتانا ضروری نہیں، جبکہ انہوں نے کہا کہ سیاسی بیانات اور بڑھکیں دینے والوں کو بولنے دیا جائے۔
ہنگو میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی نماز جنازہ میں خیبرپختونخوا حکومت کی عدم شرکت پر وزیر داخلہ نے بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن شہداء کے جنازوں میں شرکت نہ کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے اتنی انتہا کبھی نہیں دیکھی کہ سیاسی اختلاف کی بنیاد پر شہداء کے جنازوں میں بھی شرکت نہ کی جائے، سوال اٹھایا کہ کیا یہ لوگ اتنے بے حس ہوگئے ہیں۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق محسن نقوی نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ سے منسلک ہے۔
نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عوام نئے صوبوں کے قیام کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں اور اگر اللہ نے چاہا تو نئے صوبے ضرور بنیں گے۔

