خوشاب(رپورٹ: راجہ نورالہی عاطف )
چیف منسٹر پنجاب یوتھ گیمز 2026 کے انعقاد اور تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کی زیرِ صدارت ڈی سی کانفرنس ہال میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے ڈی سی ہیڈکوارٹر غزالہ کنول، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب امت السلام، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ساجد اللہ بابر، انچارج ریسکیو 1122 علی حسین، محکمہ ایجوکیشن اور سپیشل ایجوکیشن کے افسران سمیت کرکٹ، ہاکی، بیڈمنٹن اور والی بال کے کوچز نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ساجد اللہ بابر نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ اقدام صوبے میں کھیلوں کی بحالی اور نوجوانوں کے اندر چھپے ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کے تعاون سے مختلف کھیلوں کے مقابلے جات کے لیے طالب علموں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور گراؤنڈز کی تیاری سے متعلق ہدایات پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔اکتوبر اور نومبر میں تحصیل، ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کی سطح پر کھیل کے مقابلے منعقد ہوں گے۔دسمبر میں پنجاب کی سطح پر حتمی مقابلو ں کا انعقاد کیا جائے گا۔بہترین کارکردگی اور ٹیلنٹ کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو اعلیٰ سطح پر شیلڈز اور انعامات سے نوازا جائے گا۔


