(سیالکوٹ)رپورٹ: سلیم احمد اعوان شیخو
تھانہ سبز پیر میں تعینات سب انسپکٹر احسان اللہ سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران پیش آنے والے حادثے کے باعث 3 روز تک ہسپتال میں موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
حادثے کی تفصیلات: سب انسپکٹر احسان اللہ تین روز قبل موٹر سائیکل پر سرکاری کام کے سلسلے میں سیالکوٹ جا رہے تھے کہ مست پور کے قریب ایک تیز رفتار گاڑی نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ منتقل کیا گیا۔
ڈی پی او سیالکوٹ کے احکامات: اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ، کیپٹن (ر) دوست محمد نے متعلقہ پولیس افسران کو زخمی سب انسپکٹر کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ مرحوم کے علاج معالجے کے لیے مالی مدد بھی کی گئی اور اہل خانہ کی سہولت کے لیے ہسپتال میں پولیس لائن سے اہلکار تعینات کیے گئے تھے تاکہ انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تدفین: مرحوم کی نمازِ جنازہ کے بعد ان کی تدفین تھانہ صدر ڈسکہ کے علاقے میں واقع ان کے آبائی گاؤں ‘دھدوبسراء’ کے قبرستان میں کی جائے گی۔


