لاہور:پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر کی گرفتاری ڈال دی ہے۔
ترجمان انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق حماد اظہر گزشتہ 3 سال سے روپوش تھے اور لاہور پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔ انویسٹی گیشن پولیس لاہور نے حماد اظہر کو حسبِ ضابطہ کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کو مجاز عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا، جس کے بعد مقدمات سے متعلق مزید تفتیش کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق تفتیش مکمل ہونے کے بعد مقدمات کا چالان انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ گرفتار ملزم کا مضبوط چالان مرتب کرکے اسے قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق حماد اظہر کے خلاف درج مقدمات اور ان میں عائد الزامات کی مزید تفصیلات تفتیش اور عدالتی کارروائی کے دوران سامنے آئیں گی۔
ذرائع کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ حماد اظہر کو آج کسی بھی وقت عدالت میں پیش کیا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل حماد اظہر کی والدہ نے بیٹے کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دو روز قبل حماد اظہر کو ملتان سے حراست میں لیا گیا، تاہم انہیں تاحال کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے حماد اظہر کو بازیاب کروا کر عدالت کے روبرو پیش کرنے کی استدعا کی تھی۔
درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ عدالت متعلقہ حکام کو حماد اظہر کی قانون کے مطابق گرفتاری ظاہر کرنے کا حکم دے، جبکہ حماد اظہر کے خلاف درج مقدمے کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی جائے۔
حماد اظہر کی گرفتاری ڈال دی گئی، کسی بھی وقت عدالت پیش کردیا جائے گا

