سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
گھر میں پانی پینے کے بہانے داخل ہونے والی خاتون نے پانی پینے کے بعد گلی میں کھیلتے ہوئے بچے کو اغواء کر لیا لیکن پولیس نے گجرات سے بچہ بازیاب کر لیا۔
بتایا گیا ہے کہ تھانہ ہیڈ مرالہ کے علاقہ گوندل کے رہائشی محمد ریاض پولیس ریسکو 15 پر اطلاع دی کہ کوئی نامعلوم خاتون پانی پینے کے بہانے ان کے گھر آئی اور موقع پاکر گلی میں کھیلتے ہوئے اس کے دو سالہ پوتے اذان علی کو اٹھا کر فرار ہوگئی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے معصوم بچے کے اغواء کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی صدر سرکل رانا ندیم طارق کی سربراہی میں خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں اور بچے کی جلد از جلد بحفاظت بازیابی کے احکامات جاری کئے۔پولیس ٹیموں نے ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کرنے کے ساتھ سخت چیکنگ شروع کردی جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز، جدید تکنیکی ذرائع، ہیومن انٹیلیجنس اور بین الاضلاعی رابطہ کاری کی مدد سے ایک مربوط اور منظم سرچ آپریشن کیا گیا۔ پولیس کے مسلسل تعاقب اور مؤثر فالو اَپ کے باعث اغواکار خاتون گرفتاری کے خوف سے بچے کو گجرات میں چھوڑ کر فرار ہوگئی۔ پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر معصوم بچے کو بحفاظت تحویل میں لے لیا۔ جبکہ ملزمہ کی شناخت اور گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
معصوم اذان علی کو صحیح سلامت دیکھ کر غم زدہ والدین کی آنکھوں میں خوشی لوٹ آئی۔ بچے کو ماں کی آغوش میں دینے کے جذباتی لمحات کے دوران اہلِ خانہ نے سیالکوٹ پولیس کی انتھک محنت، فوری کارروائی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے کامیاب کارروائی پر ڈی ایس پی صدر سرکل رانا ندیم طارق، ایس ایچ او تھانہ ہیڈمرالہ شیراز طارق , ایس ایچ او کوٹلی لوہاراں غازی محمد ادریس ، ایس ایچ او کوٹلی سید امیر شاہ زیب اسلم اور پوری پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا:
معصوم بچے کی بحفاظت بازیابی پولیس ٹیم کی مسلسل محنت اور مربوط حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔ اغواکار خاتون کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ شہریوں، بالخصوص بچوں کا تحفظ سیالکوٹ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، جس کی ادائیگی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جاتے رہیں گے۔

