عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بدھ کو تقریباً 2 فیصد مزید گر گئیں، جس کے بعد گزشتہ سیشن میں ہونے والی 3 فیصد سے زائد کمی کے اثرات بھی برقرار رہے۔ قیمتوں میں تازہ کمی کی بنیادی وجہ ایران کی جانب سے عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان ہے، جس کے بعد اس اہم آبی گزرگاہ کے دوبارہ کھلنے کی امید ہے۔
بدھ کو برینٹ خام تیل کے فیوچرز 1.78 ڈالر یا 2 فیصد کمی کے بعد 86.80 ڈالر فی بیرل پر آگئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 1.49 ڈالر یا 1.8 فیصد کمی کے ساتھ 80.87 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔ دونوں بینچ مارکس میں منگل کو 3 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

