90 سالہ نانی سے لے کر 7 سالہ بچی تک چار نسلیں ایک ہی حملے میں ختم، 12 سالہ بچی نے جان بچانے کے لیے 911 پر کال کی
مونٹانا / واشنگٹن:امریکہ کی ریاست مونٹانا کے شہر بیلنگز کے قریب اتوار کی شام ہونے والی واردات نےپورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔ گھریلو تنازع نے اس وقت خونریز روپ دھار لیا جب ایک شخص نے سنڈے ڈنر (Sunday Dinner) پر جمع ہونے والے اپنے ہی خاندان کے آٹھ افراد کو اندھا دھند فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا اور ثبوت مٹانے کے لیے گھر کو بھی آگ لگا دی۔
رپورٹس کے مطابق مقتولین میں ایک ہی خاندان کی چار مختلف نسلیں شامل تھیں، جن میں وہ 90 سالہ دادی بھی شامل تھیں جو وہیل چیئر پر تھیں، جبکہ سب سے کم عمر مقتول میں ایک 7 سالہ بچی بھی شامل تھی۔ فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت 44 سالہ ایلن اسمتھ (Alan Smith) کے طور پر ہوئی ہے، جو کئی سالوں سے اپنے والدین کے ساتھ رہ رہا تھا لیکن چند ہفتے قبل والدین کی جانب سے گھر خالی کرنے کا کہنے پر وہ اشتعال میں آ گیا تھا۔
A man killed eight of his relatives, including four children, as they gathered for Sunday dinner at a home in Billings, Montana, just weeks after his parents forced him to move out, a family member told The Associated Press.https://t.co/GFca21ApjA pic.twitter.com/DG7GIjY8FP
— ABC News (@ABC) August 26, 2026
واردات کے وقت گھر کے اندر خون کی ہولی کھیلی گئی جہاں ملزم نے اپنی دادی، والدین، بہن اور چار بچوں سمیت آٹھ افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
فائرنگ کے فوراً بعد پورے گھر کو آگ لگا دی گئی جس سے عمارت جل کر خاکستر ہو گئی۔
اس لرزہ خیز واقعے کے دوران خاندان کی 12 سالہ بچی شارلٹ (Charlotte) نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جان بچانے کے لیے ایمرجنسی نمبر 911 پر کال کی تھی، تاہم وہ اپنے اہل خانہ کو اس درندے سے نہ بچا سکی۔
پولیس اور فائر فائٹرز کے مطابق گھر مکمل طور پر جل جانے کی وجہ سے تحقیقات میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ملزم نے موقع پر ہی خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم ایک ’ hermit ‘ (تنہا رہنے والا شخص) تھا جو سارا دن کمرے میں گزارتا تھا اور اس خونی حملے نے ایک ہنستا بستا خاندان چند لمحوں میں اجاڑ کر رکھ دیا ہے۔
یہ رواں سال امریکہ میں پیش آنے والا 22 واں بڑا قتل عام ہے،جس میں گھریلو ناچاقیوں نے ایک بار پھر انسانیت کو شرمسار کر دیا۔






