جموں: بھارتی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل دھیرج سیٹھ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے پونچھ، راجوری اور سندربنی سیکٹرز میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا ۔
بھارتی فوج کے ایڈیشنل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک انفارمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، جنرل دھیرج سیٹھ کو وائٹ نائٹ کور کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تعیناتیوں، نگرانی کے جدید نظام، میدان میں متعارف کرائی گئی نئی اختراعات اور مربوط آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
فوج کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے سرحدی علاقوں میں جاری بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں بھارت کے سرحدی دیہاتوں کو عوامی فلاح و بہبود پر مبنی اقدامات کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے فوج کی جانب سے جاری کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

