بلوچستان رحمت اللہ بلوچ بیوروچیف بے نقاب نیوز)
بلوچستان گرینڈ الائنس کے نمائندہ وفد نے آرگنائزر پروفیسر عبد القدوس کاکڑ کی قیادت میں قائدِ حزبِ اختلاف بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری سے ان کے چیمبر میں تفصیلی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران گرینڈ الائنس کے اسیران، جو اس وقت ہدہ جیل میں قید ہیں، سرکاری ملازمین کے خلاف کی جانے والی تادیبی کارروائیوں، ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس (DRA) کی منظوری، اور ملازمین کو درپیش دیگر اہم مسائل پر تفصیلی اور مثبت تبادلۂ خیال کیا گیا۔اس موقع پر بلوچستان گرینڈ الائنس کے نمائندہ وفد نے قائدِ حزبِ اختلاف میر یونس عزیز زہری پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ملازمین کے مسائل، گرینڈ الائنس کے مطالبات اور دیگر متعلقہ امور پر حکومتِ بلوچستان کے ساتھ مذاکرات اور مؤثر نمائندگی کا مکمل مینڈیٹ (اختیار) سونپ دیا، تاکہ وہ ملازمین کے جائز مطالبات کے حق میں حکومت سے باضابطہ اور نتیجہ خیز مذاکرات کر سکیں۔قائدِ حزبِ اختلاف میر یونس عزیز زہری نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ گرینڈ الائنس کے تمام جائز مطالبات کے حل کے لیے حکومتِ بلوچستان کے ساتھ بھرپور، سنجیدہ اور مؤثر انداز میں مذاکرات کریں گے اور ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔وفد نے گرینڈ الائنس کے مسائل میں خصوصی دلچسپی لینے، ان کے جائز حقوق کی بھرپور حمایت کرنے اور ہر سطح پر مؤثر کردار ادا کرنے کے عزم پر قائدِ حزبِ اختلاف میر یونس عزیز زہری کا دلی شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی مخلصانہ کاوشوں کے نتیجے میں ملازمین کے دیرینہ مسائل جلد حل ہوں گے اور گرینڈ الائنس کے مطالبات کو مثبت پیش رفت حاصل ہوگی۔

