دیر بالا( بیورو چیف ریاض ابوالخیل )
ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز کی خصوصی ہدایت پر ایس ڈی پی او سرکل واڑی فخر عالم خان نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور علاقائی امن و امان کے تناظر میں تھانہ جاگام کے علاقہ مشران کے ساتھ ایک اہم جرگہ منعقد کیا۔ جرگے کا مقصد علاقے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینا، عوامی تعاون کو مزید مؤثر بنانا اور باہمی روابط کو مضبوط کرنا تھا۔جرگے میں ایس ڈی پی او سرکل واڑی، ایس ایچ او تھانہ جاگام سمیت علاقہ جاگام کے معزز مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ملاقات کے دوران شرکاء نے علاقے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، درپیش چیلنجز، عوامی تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر علاقہ مشران نے اپنی تجاویز اور آراء پیش کیں، جنہیں متعلقہ حکام نے غور سے سنا اور ان پر عملدرآمد کے حوالے سے یقین دہانی کرائی۔جرگے کے شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ ضلع دیر بالا میں پائیدار امن کے قیام اور استحکام میں عوام اور مشران کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں، پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط تعاون ہی دیرپا امن اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔علاقہ مشران نےدیر بالا پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہر سطح پر مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے امن، ترقی اور وطن عزیز کی سلامتی کے لیے وہ اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔جرگے کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔*

