سکھر ( رپورٹ/ عبد الرحمان راجپوت )
پرانے سکھر سے برآمد ہونے والے 5 محرم الحرام کے تاریخی و قدیمی ماتمی جلوس کے موقع پر ہر سال کی طرح اس سال بھی سول ڈیفنس سکھر کی جانب سے فرسٹ ایڈ کیمپ قائم کیا گیا۔ فرسٹ ایڈ کیمپ ڈپٹی چیف وارڈن سول ڈیفنس سکھر ڈاکٹر سعید اعوان کی نگرانی میں قائم کیا گیا جبکہ کیمپ کے انچارج محمد اشفاق میتلو، گروپ وارڈن محمد احمد شیخ اور فرسٹ ایڈ انچارج محمد یاسین قمر تھے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کی جانب سے کیمپ کے لیے مکمل ادویات اور طبی سہولیات فراہم کی گئیں فرسٹ ایڈ کیمپ میں جلوس کے دوران 100 سے زائد عزادارانِ حضرت امام حسینؑ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ سول ڈیفنس سکھر کے 40 سے زائد وارڈنز نے بھرپور انداز میں اپنی خدمات انجام دیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف وارڈن سول ڈیفنس سکھر ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا کہ حضرت سیدنا امام حسین ابنِ علیؑ حق و صداقت کے عظیم علمبردار اور شہیدِ کربلا ہیں۔ شہیدِ اعظم حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی کا پیغام یہ ہے کہ انسان ہر دور میں ظلم، جبر اور باطل قوتوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑا رہے۔ سول ڈیفنس سکھر خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت عوامی فلاح و بہبود اور ہنگامی حالات میں امدادی سرگرمیوں کے لیے ہمیشہ سرگرم عمل ہے۔اس موقع پر سول ڈیفنس سکھر کے مختلف شعبہ جات کے انچارج شیخ عدنان، لالا ریحان پٹھان، محمد یوسف، محمد فیاض، آصف شیخ، ریاض احمد صدیقی، رانا محمد طاہر، محمد آصف خان اور دیگر وارڈنز بھی موجود تھے، جنہوں نے عزاداروں کو طبی امداد اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کیا۔

