نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
چیئرمین زکوٰۃ و عشر کمیٹی شہید بینظیرآباد چوہدری ظفر آرائیں نے اپنے دفتر میں منعقدہ تقریب کے دوران ضلع بھر کے 715 مستحق مرد و خواتین میں زکوٰۃ معاونتی کارڈ تقسیم کیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری ظفر آرائیں نے کہا کہ حکومتِ سندھ کی ہدایات کے مطابق زکوٰۃ فنڈ شفاف طریقے سے مستحق افراد تک پہنچایا جا رہا ہے تاکہ غریب اور نادار خاندانوں کی مالی معاونت کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ زکوٰۃ معاونتی کارڈ سندھ بینک سے فعال ہونے کے بعد مستحق افراد کو سالانہ 16 ہزار روپے مالی امداد فراہم کریں گے۔ انہوں نے زکوٰۃ کمیٹیوں پر زور دیا کہ وہ دیانت داری اور شفافیت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ ہر حقدار کو اس کا حق مل سکے۔تقریب میں سعید احمد یوسفی، سمیع اللہ سموں سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

