( بیورو چیف ٹھٹھہ کلیم اللہ چانڈیو )
تفصیلات کے مطابق مورخہ 20 جون 2026 کو شام کے وقت بابڑا لنک روڈ جام واہ پکٹ پر ڈیوٹی انجام دینے والے تھانہ گھارو کے دو پولیس اہلکاروں کانسٹیبل اکبر علی اور کانسٹیبل عبدالمجید مری پر 125 موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے انہیں شہید کر دیا تھا۔ جس کا مقدمہ تھانہ گھارو پر درج کردیا گیا تھا واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ٹھٹہ ساجد امیر سدوزئی نے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس میں ایس ڈی پی او ٹھٹہ اے ایس پی عبداللہ افضل، ایس ڈی پی او ساکرو ڈی ایس پی محمد علی ڈامرا، ایس ایچ او تھانہ گھارو انسپکٹر شہزاد الیاس اور انچارج ٹھٹہ انسپکٹر فیصل شفیع میمن شامل تھے۔تشکیل دی گئی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس معلومات اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگایا۔کارروائی کے دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت کے واقعے میں ملوث ایک ملزم حضور بخش عرف رضوان ولد امیر بخش ابڑو ہلاک ہوگیا ملزم کے قبضے سے چھینی گئی سرکاری رائفل برآمد کرلی گئی، جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے سرچ جاری ہے اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ایس ایس پی ٹھٹہ ساجد امیر سدوزئی نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی اور شہداء کے خون کا حساب ہر صورت لیا جائے گا۔

