اسلام آباد : وفاقی محتسب پاکستان نے ایک اہم فیصلے میں قرار دیا ہے کہ آجر کی جانب سے EOBI کنٹری بیوشنز جمع نہ کرانے کی سزا ملازم کو نہیں دی جا سکتی۔
محتسب نے پاکستان ٹیلی ویژن (PTV) کے ریٹائرڈ ملازم محمد نصیر ہاشمی کی شکایت منظور کرتے ہوئے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (EOBI) کو متعلقہ آجر سے بقایا کنٹری بیوشنز وصول کرنے اور شکایت کنندہ کے پنشن حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔شکایت کنندہ نے وفاقی محتسب کو بتایا کہ انہوں نے 2 جون 1999 سے 4 ستمبر 2025 تک PTV نیوز میں مسلسل خدمات انجام دیں اور ریٹائرمنٹ کے بعد عمر رسیدہ پنشن کے حصول کے لیے EOBI سے رجوع کیا، تاہم ادارے نے یہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے درخواست مسترد کر دی کہ آجر کی جانب سے مطلوبہ کنٹری بیوشنز جمع نہیں کرائی گئیں۔وفاقی محتسب نے اپنے تفصیلی فیصلے میں مشاہدہ کیا کہ EOBI ایکٹ 1976 کی دفعہ 13 ادارے کو یہ اختیار فراہم کرتی ہے کہ وہ آجر سے واجب الادا کنٹری بیوشنز وصول کرے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ اگر کوئی آجر اپنی قانونی ذمہ داری پوری نہیں کرتا تو اس کا خمیازہ ملازم کو بھگتنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا، خصوصاً ایسے ملازم کو جس نے اپنی عمر کا بڑا حصہ قومی ادارے کی خدمت میں صرف کیا ہو۔فیصلے میں EOBI کی جانب سے بروقت قانونی کارروائی نہ کرنے اور اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں غفلت کو ”بدانتظامی“ (Maladministration) قرار دیا گیا۔ وفاقی محتسب نے واضح کیا کہ ادارے کی یہ ذمہ داری تھی کہ وہ ملازمت کے دوران ہی بقایا کنٹری بیوشنز کی وصولی کے لیے اقدامات کرتا تاکہ ریٹائرمنٹ کے وقت ملازم کے پنشن حقوق متاثر نہ ہوتے۔وفاقی محتسب نے EOBI کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون کے مطابق متعلقہ آجر سے بقایا واجبات کی وصولی کے لیے ضروری اقدامات کرے اور 30 دن کے اندر تعمیلی رپورٹ بھی جمع کرائے۔ یہ فیصلہ ہزاروں ایسے ملازمین کے لیے امید کی کرن ثابت ہو سکتا ہے جو آجر کی کوتاہی یا ادارہ جاتی غفلت کے باعث پنشن اور دیگر سماجی تحفظ کے حقوق سے محروم ہو جاتے ہیں۔
وفاقی محتسب کا اہم فیصلہ: PTV کے ریٹائرڈ ملازم کو پنشن سے محروم کرنا بدانتظامی قرار، EOBI کو بقایا واجبات وصول کرنے کا حکم

