لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف جاری سخت اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ اس وقت لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) بہتر ہو کر 125 پر آ گیا ہے۔ اس وقت ہوا کی رفتار 5 سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جو شمال سے جنوب کی جانب سفر کر رہی ہے، اور محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے اس بہتر تسلسل کی وجہ سے AQI میں مزید بہتری متوقع ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر نگرانی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف ڈرون، نائٹ اور ہاک آئی اسکواڈز کی جانب سے مسلسل نگرانی کا عمل جاری ہے۔
محکمہ تحفظِ ماحول اور انتظامی ٹیموں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں سخت انسپیکشن مہم چلاتے ہوئے کارروائیاں کی ہیں، مجموعی طور پر 362 بھٹوں اور 199 صنعتی یونٹس کی چیکنگ کی گئی۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 11 صنعتی یونٹس اور 6 اینٹوں کے بھٹے سیل کر دیے گئے، جبکہ 2 مقدمات (FIRs) درج کر کے مجموعی طور پر 8 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
شہر بھر میں آلودگی کا باعث بننے والے کمرشل کچنز اور باربی کیو پوائنٹس کے خلاف بھی شکنجہ کس لیا گیا ہے۔ 205 مقامات کی چیکنگ کی گئی جن میں سے 59 مقامات پر سکشن ہڈز (Suction Hoods) نصب کروائے گئے، جبکہ دھواں خارج کرنے پر 29 باربی کیو و کمرشل ککنگ پوائنٹس کو سیل کر دیا گیا۔ کمرشل کچنز میں سکشن ہڈز کی فعالیت کو بھی سختی سے یقینی بنایا جا رہا ہے۔
حکومت کی جانب سے کمزور موسمی ہواؤں کے باوجود ایک جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد جاری ہے، جس کے تحت مانیٹرنگ، انفورسمنٹ اور آلودگی کے مقامی ذرائع کی روک تھام کا کام بیک وقت پوری قوت سے کیا جا رہا ہے
لاہور کی ہوا میں بہتری: اے کیو آئی 125 پر آ گیا، ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن ، مریم اورنگ زیب

