ملتان (رپورٹ ڈویژن بیورو چیف ملک جابر عبّاس)
سرکاری گراؤنڈ پر پرائیویٹ شخصیات کا قبضہ؟ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول شجاع آباد کا سبزہ زار مبینہ طور پر ذاتی کمائی کا ذریعہ بن گیاشجاع آباد کے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کے سبزہ زار اور مرکزی گراؤنڈ پر مبینہ طور پر پرائیویٹ شخصیات کا راج قائم ہے، جہاں بغیر این او سی مختلف نوعیت کے ایونٹس منعقد کرکے لاکھوں روپے کمائے جانے کے الزامات سامنے آئے ہیں، جبکہ متعلقہ حکام خاموش دکھائی دیتے ہیں۔ذرائع کے مطابق چند روز قبل سکول گراؤنڈ میں پانی لگا کر گیٹس بند کر دیے گئے تھے تاکہ غیر متعلقہ سرگرمیوں کو روکا جا سکے، تاہم بااثر افراد نے مبینہ طور پر سکول کے چوکیدار شاہد کی مدد سے دوبارہ گراؤنڈ کا استعمال شروع کر دیا۔مزید اطلاعات کے مطابق سکول کے مرکزی گیٹ اور سبزہ زار میں غیر قانونی اسٹالز بھی لگائے جا رہے ہیں، جن سے مبینہ طور پر کرایہ وصول کیا جاتا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سکول کی چار دیواری کے ایک حصے کو نقصان پہنچایا گیا ہے، جس کے باعث بعض افراد دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوتے ہیں۔یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل سکول کے بجلی کے میٹرز بھی چوری ہو گئے تھے، جن کی ایف آئی آر تھانہ سٹی شجاع آباد میں نامعلوم افراد کے خلاف درج ہے۔ مقامی حلقوں کا مطالبہ ہے کہ اس واقعے سمیت دیگر معاملات کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔عوامی و سماجی حلقوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے سی ای او ایجوکیشن ملتان، ڈی ای او ایجوکیشن اور سکول انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری گراؤنڈ پر غیر قانونی سرگرمیوں کا فوری نوٹس لیا جائے، مبینہ ذمہ داران کے خلاف انکوائری کرائی جائے اور سرکاری املاک کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

