کیچ(بیوروچیف کی رپورٹ)
ضلع کیچ کی سب تحصیل زامران، جو رقبے کے لحاظ سے ایک وسیع و عریض اور اہم علاقہ ہے، اکیسویں صدی میں بھی جدید مواصلاتی سہولیات سے محروم ہے۔ ایک لاکھ سے زائد آبادی پر مشتمل اس علاقے میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
علاقے میں صرف زونگ کا ایک ٹاور نصب ہے، تاہم اس کی نیٹ ورک کوریج انتہائی محدود ہے۔ دور دراز دیہات اور آبادیوں میں یہ نیٹ ورک مؤثر انداز میں کام نہیں کرتا، جس کی وجہ سے ہزاروں افراد مواصلاتی سہولت سے محروم رہتے ہیں۔اہلیانِ زامران نے مطالبہ کیا ہے کہ ناگ زران میں نصب زونگ ٹاور کی نیٹ ورک رینج میں توسیع کی جائے اور علاقے میں مزید ٹاورز نصب کیے جائیں تاکہ عوام کو بہتر موبائل اور انٹرنیٹ سہولیات میسر آسکیں۔مقامی لوگوں نے حلقے کے منتخب نمائندوں، جن میں ایم پی اے، ایم این اے، سینیٹرز اور دیگر متعلقہ حکام شامل ہیں، سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دیرینہ اور اہم مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں، تاکہ زامران کے عوام بھی جدید مواصلاتی نظام سے مستفید ہو سکیں۔

