لاہور / اسلام آباد:منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کے خلاف درج مقدمات میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد پولیس نے اُن کے گرد موجود نیٹ ورک اور پرانے مقدمات کی چھان بین کا دائرہ بھی وسیع کر دیا ہے۔
آج نیوز کی رپورٹ اور پولیس حکام کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف ایک اور مقدمہ منظرِ عام پر آیا ہے، جس کے بعد انویسٹی گیشن ونگ نے پرانے ریکارڈ اور مختلف تھانوں میں درج مقدمات کا دوبارہ جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چوتھا مقدمہ سال 2024 میں لاہور کے تھانہ وحدت کالونی میں درج کیا گیا تھا۔ یہ مقدمہ ملزمہ صابراں بی بی کے خلاف درج ہوا، جس کے قبضے سے 20 گرام کوکین برآمد کی گئی تھی۔
مقدمے کے متن کے مطابق دورانِ تفتیش ملزمہ صابراں بی بی نے انکشاف کیا کہ برآمد ہونے والی منشیات اس نے کراچی میں موجود انمول عرف پنکی سے حاصل کی تھیں۔
اس بیان کے بعد پولیس نے انمول عرف پنکی کے مبینہ منشیات سپلائی نیٹ ورک کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ سنگین نوعیت کے الزامات اور متعدد مقدمات سامنے آنے کے باوجود انمول عرف پنکی کو اس مقدمے میں بھی اشتہاری قرار نہیں دیا گیا تھا، جس پر اب قانونی پہلوؤں کا ازسرِ نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انمول پنکی کے خلاف لاہور میں درج ایک اور ایف آئی آر منظر عام پر، اشتہاری قرار کیوں نہ دیا جاسکا؟

