جیکب آباد رپورٹ مجیب کھوسو
جیکب آباد میں شدید گرمی کی لہر برقرار، پارہ ہائی ہوگیا، بزرگ شہری ہیٹ اسٹروک سے جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد اور گردونواح میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جہاں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا جبکہ ہوا میں نمی کے باعث گرمی کی شدت 46 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے، شدید حبس نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے،گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث شہر کا کاروبار متاثر ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق جیکب آباد میں شدید ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا گیا ہے اور آئندہ چند روز تک گرمی کی یہی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، شدید گرمی کے باعث جیکب آباد کے علاقے پیچوہا گاؤں میں ایک بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا، متوفی کی شناختی کارڈ کے مطابق شناخت امان اللہ کے نام سے ہوئی ہے، اطلاع پر ورثا لاش کو اپنے ہمراہ لے گئے، طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں جبکہ بچوں اور بزرگوں کا خصوصی خیال رکھا جائے کیونکہ وہ ہیٹ اسٹروک کا جلد شکار ہوسکتے ہیں، شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں جگہ جگہ ٹھنڈے پانی کی سبیلیں قائم کی جائیں اور اسپتالوں میں ایمرجنسی اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے۔

