تہران :پیر کو نیوز کانفرنس کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے خاتمے میں قطر کے کردار سے متعلق خبروں پر ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ مختلف ممالک نے ایران سے رابطہ کیا ہے اور کئی علاقائی ممالک کو کشیدگی میں اضافے پر شدید تحفظات ہیں۔
بقائی نے کہا کہ ایران کشیدگی میں کمی کے لیے ان تمام ممالک کی کوششوں کی تعریف کرتا ہے۔ تاہم اُنھوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان باضابطہ ثالث ہے، جو اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ قطر سمیت دیگر ممالک جو ایران اور امریکا دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھتے ہیں، جب بھی وہ ضروری سمجھتے ہیں اپنے خیالات ایرانی وزیر خارجہ کو پیش کرتے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے 24 گھنٹوں کے دوران دوسری مرتبہ اپنے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ’ارنا‘ کے مطابق بات چیت میں علاقائی پیشرفت اور ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
’ارنا‘ کے مطابق عباس عراقچی اور فیصل بن فرحان نے پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی عمل میں تازہ ترین پیش رفت کے حوالے سے ٹیلی فون پر مشاورت کی۔

