لاہور/گوجرانوالہ: پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (PSQCA) نے شہریوں کو معیاری اشیاء خورونوش اور مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ملک گیر آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں لاہور اور گوجرانوالہ کے مختلف سہولت بازاروں میں چھاپے مار کر بھاری مقدار میں غیر معیاری اور غیر قانونی برانڈز کی فروخت روک دی گئی۔
لاہور میں رائیونڈ روڈ شیر شاہ کے سہولت بازار کے تفصیلی معائنے کے دوران اتھارٹی کی ٹیموں نے خوردنی تیل، مصالحہ جات، مایونیز، اچار، منرل واٹر اور مختلف مشروبات کے معیار کو چیک کیا۔
صرف خوراک ہی نہیں بلکہ صابن، اسکن کریمیں، شیمپو اور ڈٹرجنٹس کو بھی جانچ کے دائرے میں لایا گیا۔
معائنے کے دوران غیر لائسنس یافتہ اور طے شدہ معیار پر پورا نہ اترنے والی مصنوعات کو فوری طور پر دکانوں کے شیلف سے ہٹا دیا گیا اور متعدد دکانداروں کو سخت وارننگ کے ساتھ نوٹسز جاری کیے گئے۔
اسی طرح گوجرانوالہ کے پیپلز کالونی سہولت بازار میں بھی خصوصی ٹیموں نے کارروائی کی۔ بازار انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور صرف تصدیق شدہ برانڈز کو فروخت کی اجازت دیں۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کوئی بھی چیز خریدنے سے پہلے اس پر "پی ایس مارک” (PS Mark) ضرور چیک کریں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ غیر قانونی اور غیر معیاری اشیاء کے خلاف یہ آپریشن بلا امتیاز جاری رہے گا تاکہ صارفین کے حقوق اور ان کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
PSQCA کا بڑا کریک ڈاؤن،لاہور ، گوجرانوالہ میں درجنوں دکانوں کو نوٹسز ، جعلی ،غیرمعیاری برانڈز شیلف سے ہٹانے کاحکم

