اسلام آباد: پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی اور معلوماتی جنگ نئے محاذ ہیں، اور قومی اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے جس کی بدولت دشمن کے عزائم ناکام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ افواج، ایجنسیاں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمت اور عزم سے ڈٹے ہیں اور پاکستان ایک باوقار ملک ہے جو اپنی صحیح جگہ ضرور پائے گا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر جی ایچ کیو راولپنڈی میں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ 27 کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ ورکشاپ کے شرکاء نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں انہیں علاقائی اور داخلی سکیورٹی صورتحال، قومی سلامتی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری کارروائیوں سے آگاہ کیا گیا۔
آرمی چیف نے زور دیا کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے اور عالمی سطح پر اپنی قدر و منزلت برقرار رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی طاقت قومی وحدت ہے، اور کسی بھی حالت میں شہریوں کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پائیدار امن و استحکام کے لیے قومی ہم آہنگی اور ادارہ جاتی تعاون ناگزیر ہیں۔ شرکاء کو اسمگلنگ، منشیات اور منظم جرائم کے خلاف کارروائیوں، غیر قانونی غیرملکیوں کی واپسی اور بارڈر کنٹرول اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

