اسلام آباد/لاہور: اگر آپ کل دوپہر کے بعد کسی ضروری ای میل، آن لائن میٹنگ یا گیمنگ کا ارادہ رکھتے ہیں، تو اسے فوراً کینسل کر دیں، کیونکہ انٹرنیٹ ایک بار پھر بند ہونے والا ہے۔
یادرہے کہ سال نو کے آغاز پر بھی انٹرنیٹ کی رفتار دو روز انتہائی سست رہی تاہم نجی انٹرنیٹ کمپنی ‘نیایٹل’ نے اپنے صارفین کو ای میل کے ذریعے “خوشخبری“ سنائی ہے۔ ای میل کے مطابق 15 جنوری 2026 کو دوپہر 2 بجے سے لے کر اگلے 8 گھنٹوں تک سمندری کیبل کی "ناگزیر” مرمت کی جائے گی۔
صارفین سوشل میڈیا پر طنز کر رہے ہیں کہ کیا سمندر کی گہرائیوں میں رہنے والی شارک مچھلی کو ایک بار پھر پاکستانی انٹرنیٹ کی تاروں کا ذائقہ پسند آ گیا ہے؟ یا پھر یہ محض اتفاق ہے کہ ہر دو ہفتے بعد ہمارے انٹرنیٹ کو "وینٹی لیٹر” کی ضرورت پڑ جاتی ہے۔
ای میل میں کہا گیا ہے کہ اس دوران ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سست روی کی وجہ سے ہونے والی "تکلیف” پر معذرت خواہ ہیں، مگر یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ مرمت سمندر کے کس حصے میں ہو رہی ہے اور کیا اس کے بعد انٹرنیٹ "راکٹ” کی طرح چلے گا یا پہلے سے بھی زیادہ تھک جائے گا۔
فری لانسرز اور آئی ٹی پروفیشنلز کا کہنا ہے کہ اگر صورت حال یوں ہی رہی تو ڈیجیٹل پاکستان کا خواب پورا ہونےوالا نہیں۔

