اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’امیگرینٹس پالیسیوں کے حوالے سے امریکی حکام سے رابطے میں ہیں۔ اُمید ہے امریکہ جلد پاکستان کے لیے ویزے بحال کرے گا۔‘جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ پاکستان نے امریکہ کی جانب سے ویزہ پروسیسنگ معطل کرنے کی پیش رفت کا نوٹس لیا ہے۔ امیگریشن ویزے کا جائزہ لینا امریکہ کی جانب سے معمول کا عمل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’ہم نے امریکی ویزہ پابندیوں سے متعلق رپورٹس دیکھی ہیں۔ اس معاملے پر امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔‘
یاد رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ 21 جنوری سے 75 ممالک کے شہریوں کو امریکی امیگرنٹ ویزہ جاری کرنے کا عمل معطل کر رہی ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق یہ بات امریکی چینل ’فاکس نیوز‘ نے بدھ کو امریکی محکمہ خارجہ کی خط و کتابت کا حوالہ دیتے ہوئے بتائی۔
امریکی ذرائع ابلاغ اور پاکستانی میڈیا کے مطابق ان 75 ممالک میں پاکستان کا نام بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’ٹرمپ انتظامیہ جن ممالک کے لیے امیگرنٹ ویزے کا عمل معطل کرنے جا رہی ہے اُن میں صومالیہ، روس، مصر، عراق، یمن، ایران، افغانستان، برازیل، نائجیریا اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔‘
امریکا پاکستان کے امیگرنٹ ویزے جلد بحال کرے گا، حکام سے رابطے میں ہیں، دفتر خارجہ

