پشاور:خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بنیاد پر کیے گئے آپریشن (آئی بی او) میں بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پیر کو یہ آپریشن اس اطلاع کی بنیاد پر انجام دیا کہ بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے خوارج علاقے میں موجود ہیں۔
فتنۃ الخوارج ایک اصطلاح ہے جو ریاست دہشت گردوں کے لیے استعمال کرتی ہے، جو کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر حملہ کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 22 خوارج جہنم واصل کر دیے گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی دیگر دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی، تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔
وزیراعظم کا بنوں میں فتنہ الخوارج کیخلاف کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع بنوں میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
منگل کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے آپریشن کے دوران 22 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔

